نئی دہلی،19جولائی(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)مرکزی تفتیشی ایجنسی(سی بی آئی)کی طرف سے مبینہ رشوت کے لئے دو دن پہلے گرفتار کئے گئے کارپوریٹ امور کے ڈائریکٹر جنرل بی کے بنسل کی بیوی اور بیٹی نے آج مشرقی دہلی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں خودکشی کر لی۔پولیس نے بتایا کہ بنسل کی بیوی ستیہ بالا(57)اور بیٹی نیہا(27)نے الگ الگ سوسائڈ نوٹ چھوڑے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی موت کے لئے کوئی بھی ذمہ دار نہیں ہے۔پولیس کے جوائنٹ کمشنر(ایسٹ رینج)ستیش گولچا نے کہا کہ پولیس کو دوپہر قریب ڈیڑھ بجے ایک فون ملا جس کے بعد ٹیموں کو موقع پر بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ دو الگ الگ سوسائڈ نوٹ ملے ہیں۔ابتدائی جانچ میں اس میں کچھ مشتبہ نہیں لگتا،اگرچہ تحقیقات کی جا رہی ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔کارپوریٹ امور کی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری سطح کے افسر بنسل کو سی بی آئی نے گزشتہ 17جولائی کو ایک اہم دوا ساز کمپنی سے مبینہ طور پر رشوت قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔سی بی آئی نے معاملے کے سلسلے میں 8 مقامات پر چھاپہ ماری کی ہے جس کے دوران ایجنسی نے نقد برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔سی بی آئی کے مطابق بنسل کو وعدہ کئے گئے 20لاکھ روپے کی رشوت میں سے نو لاکھ روپے قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔